(24نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو مسجد نبویؐ واقعہ پر مقدمات درج نہ کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے مسجد نبوی واقعے پر فواد چوہدری، قاسم سوری اور شہباز گل کی درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں فواد چوہدری عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کی
فواد چوہدری عدالت میں بیان دیا کہ میں حاضر ہو گیا ہوں، حیران ہوں ان کیسز پر، مارشل لا بھی رہا مگر کسی حکومت نے توہین مذہب کےقانون کواس طرح استعمال نہیں کیا، وزیر داخلہ کے بارے میں نہیں کہتا، مگر وزیر قانون پر حیرت ہے، ہم نےکوئی فساد تو نہیں کرانے، ایک دوسرے کی لاشوں پرچڑھ کر تو وزیر نہیں بننا ہوتا، ایسا رواج شروع کیا ہے کہ اس کے سنگین نتائج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو ۔عمرسرفرازچیمہ نے بڑا بیان دیدیا
چیف جسٹس نے فواد چوہدری سے استفسار کیا کہ کیا یہ عدالت اس کیس میں کارروائی کو آگے چلائے؟ آپ کو اس پر اعتماد ہے؟ اس پر سابق وزیر نے کہا کہ عدالت پر اعتماد نہیں ہو گا تو کس پر ہو گا؟جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئےکہ سیاسی قیادت ہی سوسائٹی میں تبدیلی اور صبر لا سکتی ہے، مذہب کو سیاسی مقصد کے لیے استعمال کرنا خود توہین مذہب ہے، اس طرح 2018 میں بھی ہوا اور پہلے بھی ہوتا رہا، یہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ایک غیر ملکی کو سیالکوٹ میں مارا گیا اور مشال خان کا واقعہ بھی سامنے ہے، یہاں پر بھی جو کیسز درج ہو رہے ہیں وہ درست معلوم نہیں ہوتے،عدالت نے مسجد نبوی واقعہ پرکیسز کے خلاف قاسم سوری کی درخواست پروفاق اور دیگرکونوٹس جاری کردیا۔