کسانوں کیلئے خوشخبری ۔۔حکومت نے بڑا اعلان کردیا 

May 12, 2022 | 17:59:PM

(24نیوز)کسانوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے براہ راست کھاد پر سبسڈی دینے کا فیصلہ کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے منسٹری آف نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور صوبائی حکومتوں کے ذریعے کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے ملک بھر سے کھاد ڈیلرز کو رجسٹر کیا جائے گا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضی محمود کی زیر صدارت کھاد کی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کھاد کے ڈیلروں کی طرف سے مارکیٹ میں ہیرا پھیری کو ختم کرنے کے لیے انہیں رجسٹر کیا جائے ۔
حکومت نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی اورسمگلنگ روکنے کیلئے وزارت داخلہ کے تحت ایک ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبائی محکموں پر مشتمل ہوگی ۔فرٹیلائزرزنے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کھاد ڈیلرز کو متعلقہ صوبائی محکموں میں رجسٹر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق حکومت نے بھی فرٹیلائزرز پر زوردیا تھا کہ وہ کھاد کو بلیک کرنے والے ڈیلرز کو بلیک لسٹ کریں۔وفاقی وزیر سید مرتضی محمود کی زیر صدارت اجلاس میں زرعی محکموں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ بوائی کے سیزن میں ڈی اے پی کھاد کی پیداوار میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی تھی جس سے کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور کھاد کی مطلوبہ مقدار نہ ملنے کی وجہ سے فصلوں کی پیداورا میں بھی کمی سامنے آئی ہے۔وفاقی وزیر نے کسانوں کی جانب سے یوریا کھاد کیساتھ ڈی اے پی کھاد کی زبردستی خریداری کی شکایت پر حکومتی اداروں کو کسانوں کی شکایت دور کرنے کا حکم دیا ۔

یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی اسپیکرکی رولنگ، عمران خان نےنظرثانی کی درخواست دائر کر دی

مزیدخبریں