(ویب ڈیسک)بالی ووڈ معروف اداکارہ سونم کپور نے شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب کیلئے پہنے جانے والےخوبصورت سفید گاؤن کی تعریف کرنے پر پاکستانی بلاگر کا شکریہ ادا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ سونم کپور شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کرنے والی واحد بھارتی نامور شخصیت ہیں۔
سونم کپور نے شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کے سلسلے میں ونڈسر میں منعقد ہونے والے کنسرٹ میں شرکت کی تھی۔
اس کنسرٹ میں بھارتی اداکارہ سفید رنگ کے فلورل پرنٹ والا گاؤن پہنے بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔
اُنہوں نے پاکستانی بلاگر عامر علی شاہ کا اپنے اس سفید رنگ کے گاؤن کی تفصیل سے اہمیت بتانے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
عامر علی شاہ نے اپنی انسٹا پوسٹ میں سونم کپور کے تاجپوشی کنسرٹ میں پہنے سفید رنگ کے گاؤن کو بیڈشیٹ اور پردے جیسا قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اس سے پہلے کہ یورپ ان پرنٹس کا کریڈٹ لے، یہ جاننا ضروری ہے کہ پہلے برصغیر میں ایک سادہ بنا ہوا چمکدار سوتی کپڑا پرنٹ کیا جاتا تھا اور کئی دہائیوں تک اس کپڑے کی سمندر پار تجارت ہوتی رہی۔
اُنہوں نے لکھا کہ یورپ نے اس’انڈین‘ ڈیزائن کو اپنے گھروں کو مختلف رنگوں سے سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا جو کہ وہاں کی ایک ضرورت بھی تھی کیونکہ اس وقت وہاں باہر کا موسم اکثر دھندلا اور ابر آلود رہتا تھا۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان میں لان کے کپڑے تیار کرنے والے بہت سے برانڈز آج بھی یہ پرنٹس اپنے کپڑوں پر استعمال کرتے ہیں۔
سونم کپور نے اس پوسٹ پر کمنٹ سیکشن میں اپنے سفید گاؤن کی اہمیت بتانے پر عامر علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔