(ویب ڈیسک) کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا 99 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے،بلوچستان کی آبادی میں 83 لاکھ کا اضافہ ہوا، اب تک صوبے کی آبادی 2کروڑ 6 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ کوئٹہ کی آبادی 24 لاکھ 84 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا کہ پشین، لسبیلہ اور کوئٹہ میں چند بلاکس میں مردم شماری کا کام جاری ہے، اس کے علاوہ اجتماعی مقامات جن میں ہاسٹل، تھانے، مدارس، جیل شامل ہیں وہاں بھی مردم شماری کی جارہی ہے جو 15 مئی تک مردم شماری کا کام مکمل کرلیں گے، صوبے میں اب تک 2کروڑ 6 لاکھ نفوس کو گنا جاچکا ہے جبکہ کوئٹہ کی آبادی 24 لاکھ 84 ہزار سے زائد ہوگئی ہے،کوئٹہ کی آبادی میں 2017 کی مردم شماری کی نسبت 2 لاکھ نفوس کا اضافہ ہوا ہے۔
کمشنر مردم شماری بلوچستان نور احمد پرکانی نے بتایا کہ بلوچستان میں مردم شماری کے دوران جنس کی شرح میں فرق آیا ہے، خواتین کی تعداد کم ہوئی ہے جس کی وجہ صوبے میں خواتین کے نام کا اندراج نہ کرنا ہے , اگر مردم شمادی کے نتائج تسلیم کرلئے گئے تو صوبے سے قومی اسمبلی کی 10 نشستوں کا اضافہ ممکن ہے جبکہ صوبے میں نوجوانوں کی شرح 60 فیصد ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے ایران میں اپنا نیا سفیرمقرر کردیا