لیونل میسی کا سعودی کلب الہلال سے معاہدہ، والد نے تردید کردی

May 12, 2023 | 12:05:PM
لیونل میسی کا سعودی کلب الہلال سے معاہدہ، والد نے تردید کردی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کے والد نے سعودی عرب کے الہلال کلب سے معاہدے کی افواہوں کی تردید کردی ہے اور کہا ہے کہ میسی نے اگلے سیزن میں سعودی عرب میں کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور نہ ہی اس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

پیرس سینٹ جرمین کلب کی طرف سے کھیلنے والے میسی کے مستقبل کے بارے میں حالیہ دنوں میں کافی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں کیونکہ فرانس کی لیگ ون ٹیم نے انھیں سعودی عرب کا غیرمجاز دورہ کرنے اور اس کے دوران میں تربیتی سیشن میں عدم شرکت کی وجہ سے معطل کردیا تھا۔

قبل ازیں منگل کے روز فرانسیسی میڈیا نے خبر دی تھی کہ فٹبال عالمی کپ کی فاتح ارجنٹائن کی ٹیم کے کپتان میسی کی سعودی عرب منتقلی طے شدہ ہے اور وہ معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے تفصیل کوحتمی شکل دینے کے عمل میں ہیں۔

جبکہ 35 سالہ عالمی فٹبال اسٹار میسی کے والد جارج نے انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اگلے سال کیلئے کسی بھی کلب کے ساتھ ابھی کچھ طے نہیں ہے۔ لیونل کے پی ایس جی کے ساتھ لیگ (سیزن) ختم کرنے سے پہلے یہ فیصلہ کبھی نہیں کیا جائے گا‘۔

انھوں نے مزید لکھا کہ ’ایک مرتبہ سیزن ختم ہونے کے بعد یہ تجزیہ کرنے اور دیکھنے کا وقت ہوگا کہ وہاں کیا ہے اور پھر فیصلہ کریں گے۔ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی کے ساتھ کچھ بھی طے نہیں پایا ہے۔ نہ زبانی، نہ دستخط، نہ ہی کوئی اتفاق اور موجودہ سیزن کے اختتام تک ایسا کچھ نہیں ہوگا‘۔