(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں ہونیوالے آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیاکے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سپر-12 مرحلے کے پانچوں میچ شاندار انداز میں جیتنے کے بعد پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تھی اورعالمی کپ جیتنے کے لئے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک تھی، لیکن سیمی فائنل میں میتھیو ویڈ کی شاندار اننگ کی بدولت پاکستانی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ لیکن پاکستان کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ہندوستانی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو محض پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک کی بیوی ہونے کی وجہ سے بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سےخوب ٹرول کیا جا رہا ہے۔
بھارت کے ایک نجی ٹی وی ویب رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا نے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی ہے۔ دونوں کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک بھی ہے۔ ثانیہ مرزا آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ تھیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستان کا بایو ببل جوائن کرلیا تھا۔ ہندوستان کے خلاف میچ کے علاوہ ثانیہ مرزا نے باقی ہر میچ میں پاکستان کا سپورٹ کیا تھا۔ انہیں اکثر پاکستانی ٹیم کی کامیابی اور شعیب ملک کی اننگ کے دوران تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
جمعرات کو کھیلے جانیوالے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیمی فائنل مقابلے میں بھی ثانیہ مرزانے پاکستان کی حمایت کی تھی۔ ایسے میں پاکستان کو سپورٹ اور چیئر کرنے کے لئے انہیں سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ بہت سارے مداح ثانیہ مرزا کی حمایت بھی کر رہے ہیں اور ان کی کھل کر مخالفت بھی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک کی شادی 2012 میں ہوئی تھی۔ پاکستانی کرکٹر سے شادی کرنے کی وجہ سے ہی وہ شروع سے ٹرول ہوتی رہی ہیں۔ پاک بھارت تنازعات کے دوران اور پاکستان کے کرکٹ میچز میں انہیں اکثر نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ثانیہ مرزا پاکستان اور بھارت کے درمیاں کرکٹ میچ سے پہلے اکثر اعلان کردیتی ہیں کہ وہ نگیٹیو کمنٹس سے پیچھا چھڑانے کے لئے سوشل میڈیا سے دور جا رہی ہیں۔ اس بار بھی ٹی-20 عالمی کپ میں پاک بھارت مقابلے سے پہلے انہوں نے انسٹا گرام کے ذریعہ مداحوں کو بتا دیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا سے دور ہوجائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:پرانےکپڑے دھو کر پہنتے ہیں۔۔واجبات دیئے جائیں۔۔کھلاڑیوں کا احتجاج