لونگ کے حیران کن طبی فوائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )لونگ کی چائے صحت کے لیے بے حد مفید ہوتی ہے۔ اس چائے کو آپ روزانہ پیئں تو اس سے دانت کا درد ٹھیک ہو جاتا ہے۔ اس چائے کا استعمال وزن کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے اور مدافعتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے ۔ سردیوں میں لونگ کی چائے کے فوائد مزید بڑھ جاتے ہیں۔لونگ کی چائے سردی سے بچنے کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ سردیوں میں لونگ کی چائے پینے سے کھانسی اور سردی سے نجات ملتی ہے۔
لونگ کی چائے پینے سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔ لونگ میں اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں یہ جسم سے فری ریڈیکلز کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، جس سے ہمارا مدافعتی نظام توانا ہوتا ہے۔
دانت کے درد کے لیے لونگ کا تیل اور لونگ کا استعمال تو آپ نے کئی بار کیا ہوگا۔ لیکن کیا آپ نے کبھی لونگ کی چائے پی ہے؟ لونگ میں سوزش ختم کرنے والی خصوصیات ہوتی ہیں ۔ لونگ کی چائے پینے سے مسوڑھوں کی سوزش اور دانت کا درد کم ہوجاتا ہے۔
لونگ کی چائے کے استعمال سے ہاضمہ بہتر ہو جاتا ہے۔ اگر آپ ہاضمے کے مسائل کا شکار ہیں تو آپ لونگ کی چائے پی کر اپنے مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔روزانہ صبح کے وقت لونگ کی چائے پینے سے آپ اپنے میٹابولزم کی شرح کو بڑھا سکتے ہیں ۔ یہ چائے وزن کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔
لونگ کے حیران کن طبی فوائد
لونگ میں ایسے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں جو خون کی گردش کو بہتر کرتے ہیں اور جسم کا درجہ حرارت برقرار رکھنے میں بھی معاون ہیں ۔ لونگ کا تیل بیرونی مالش کے ذریعے جلد کو نئی زندگی اور تازگی دیتا ہے ۔
لونگ سے نکلنے والا تیل بھی لونگ جیسی خصوصیات رکھتا ہے ۔ 3 سے 5 بوند تک لونگ کا آئل کھانے سے پیٹ درد، اپھارہ، بدہضمی اور قے وغیرہ سے نجات حاصل ہوتی ہے ۔
لونگ انزائمز کا بہاؤ تیز کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے ۔ اس سے نظام انہضام بہتر ہوتا ہے ۔ اس سے معدے کی متعدد تکالیف سے نجات ملتی ہے ۔ خشک لونگ کا سفوف شہد کے ساتھ ملا کرچاٹا جائے تو اس سے قے اور متلی رُک جاتی ہے ۔لونگ کا ایک دانہ خوردنی نمک کے ساتھ کھایا جائے تو بلغم کے اخراج میں آسانی پیدا ہوجاتی ہے ۔ گلے کی خراش کم ہوتی ہے ، کھانسی رُک جاتی ہے اور حلق کی سوزش بھی ختم ہوجاتی ہے ۔ حلق کی سوزش اور بلغم کے اجتماع سے پیدا ہونے والی کھانسی کے علاج کے لئے جلا ہوا لونگ کھانا اکسیر کا درجہ رکھتا ہے ۔ لونگ کے آئل کے تین سے پانچ قطرے شہد اور لہسن کے جوے کے ساتھ کھانا کھانسی کی اذیت سے نجات دلاتا ہے ۔لونگ کا استعمال ہیضہ میں بھی مفید ہے ۔ 4 گرام لونگ تین لیٹر پانی میں اس وقت تک اُبالیں کہ آدھا پانی اُڑ جائے ۔ باقی پانی کو گھونٹ گھونٹ میں پینے سے ہیضہ کی شدید علامتیں ختم ہو جاتی ہیں ۔
لونگ کا استعمال دمہ کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے۔ 8 عدد لونگ تیس ملی لیٹر پانی میں ڈال کر اُبال لیں ۔ اور اس سے جوشاندہ تیار کر لیں ۔ اب اس میں ایک چمچ شہد ڈال کر پی لیں ۔ اس طرح دمہ سے افاقہ ہوتا ہے ۔دانت درد میں بھی لونگ کا استعمال بہت مفید ہے ۔ اس کے جراثیم کش اجزاء دانتوں کے انفیکشن کو ختم کر دیتے ہیں ۔ متاثرہ دانت کے خلاء میں لونگ کا تیل لگانے سے درد جاتا رہتا ہے ۔
لونگ کا ایک دانہ تلوں کے تیل میں گرم کرکے 5 قطرے کان میں ڈالنے سے کان کا درد ختم ہوجاتا ہے ۔نمک ، دودھ اور پسے ہوئے لونگ کا لیپ اگر پیشانی پر کیا جائے تو اس سے سر درد کا خاتمہ ہو جاتا ہے ۔
لونگ کے وہ فوائد جو آپ نہیں جانتے
لونگ کو عام طور پر کھانوں میں مصالحوں کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے. لیکن دراصل یہ ایک جڑی بوٹی بھی ہے ۔ جس سے بے شمار بیماریوں کا علاج بھی کیا جاتا ہے ۔ اسے لوگ مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں ۔سردی میں ہونے والے کھانسی ، زکام ، نزلہ اور گلے کے درد وغیرہ سے لونگ کی مدد سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے ۔کھانسی کو ختم کرنے کے لیے لونگ کو ایک توے پر بھون لیں اور پھر اسے پیس کر شہد میں ملا کر کھا لیں ۔ اس سے آپ کی کھانسی ختم ہو جائے گی ۔
دانتوں یا مسوڑھوں میں درد ہو تو لونگ کو دانت کے نیچے رکھ کر دبائیں ۔ اس سے دانت کا درد ختم ہو جائے گا ۔ مسوڑوں کا درد ختم کرنے کے لیے لونگ کا عرق پئیں ۔ اس سے آپ کے دانت اور مسوڑے بھی مضبوط ہوں گے اور منہ کی صفائی بھی ہوگی ۔ کیوں کہ لونگ منہ کے اندر موجود جراثیم کو بھی ختم کرتی ہے اور منہ کی اندر ہونے والی سوزش اور جلن سے بھی نجات دلاتی ہے ۔
منہ کو صحت مند اور تندرست رکھنے کے لیے لونگ سے بنے ٹوتھ پیسٹ اور ماؤتھ واش استعمال کریں ۔