(24نیوز) پاکستانی زائرین مذہبی مقامات پر حاضری کے لیے 7 سے 13 نومبر 2022 تک بھارت کے دورے پر ہیں۔پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے مطابق 147پاکستانی زائرین حضرت نظام الدین اولیاءکے 719ویں سالانہ عرس مبارک میں شرکت کے لیے بھارت آئے ہیں۔زائرین کے وفد کی قیادت وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے عہدیدار مقیت احسن کر رہے ہیں۔
پا کستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے مطابق پاکستانی زائرین 1974 کے پاک بھارت پروٹوکول فریم ورک کے تحت مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے آئے ہیں اور زائرین نے نئی دہلی میں پاکستان کے ناظم الامور آفتاب حسن خان کے ہمراہ حضرت نظام الدین اولیاءکے مزار پر حاضری دی اور روایتی چادر چڑھائی۔ درگاہ شریف پر وفد کا استقبال سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی اور درگاہ کمیٹی کے ارکان نے کیا۔
مزار پر چادر چڑھانے کے بعد پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے اس موقع پر ناظم الامور اور زائرین کے گروپ لیڈر کی دستاربندی کی۔زائرین نے حضرت امیر خسرو رضی اللہ عنہ کی درگاہ جو کہ اسی احاطے میں واقع ہے پر بھی حاضری دی اور دعا کی۔14ویں صدی کے صوفی بزرگ حضرت نظام الدین اولیائ کا عرس ہر سال روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ حضرت نظام الدین اولیائ کے سالانہ عرس مبارک میں کئی ممالک سے عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔
پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ناظم الامور سے ملاقات بھی کی اور زائرین نے نئی دہلی کے دورے کے دوران سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی زائرین کی نظام الدین اولیاءکے مزار پر حاضری
Nov 12, 2022 | 18:21:PM