خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے جسٹس (ر )ارشد حسین شاہ کا نام فائنل

Nov 12, 2023 | 11:46:AM
خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے جسٹس (ر )ارشد حسین شاہ کا نام فائنل
کیپشن: جسٹس (ر )ارشد حسین شاہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( عامر شہزاد،عثمان خان )خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے جسٹس (ر )ارشد حسین کا نام فائنل، سی ایم سیکریٹریٹ میں جاری اجلاس میں فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے حل اور نئے وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کے لیے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان ملاقات ہوئی ۔سابق وزیراعلی اور سابق اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت ہوئی، ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین کا نام سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے تجویز کیا تھا، محمود خان بھی ریٹائرڈ جسٹس ارشد حسین کے نام پر متفق ہوئے۔

گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ چار سدہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی۔اعظم خان کے انتقال کے بعد ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو خط لکھ کر قانونی رائے پیش کی تھی۔


خط میں کہا گیا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کی وفات پر نگران وزیر اعلیٰ کے عہدے پر آئین خاموش ہے، ایسی صورتحال میں آرٹیکل 224 پر عمل درآمد کرنے کا مشورہ دیتا ہوں، نئے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کیلئے سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کو مدعو کیا جائے اور نئے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کا عمل 3 دن کے اندر مکمل کیا جائے۔

ضرورپڑھیں:ناانصافی اور فلسطینیوں کا قتل عام مزید تنازعات کو جنم دے گا:وزیراعظم
ایڈووکیٹ جنرل کے پی کی قانونی رائے کے بعد گورنر پختونخوا غلام علی نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو خط لکھ دیا۔گورنر کے پی نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو مشاورت کیلئے سی ایم ہاؤس مدعو کیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت نئے نگران وزیر اعلیٰ کو منتخب کریں گے، اس حوالے سے سی ایم ہاؤس کے پی میں اجلاس ہو گا۔

گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں 3 دن کے اندر نئے نگران وزیر اعلیٰ کے انتخاب سےمتعلق فیصلہ کریں گے، انتخابات کی تاریخ مقرر ہے لہذا نئے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے جلد مشاورت کی جائے گی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اکرم درانی کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کے انتخاب کی صورت میں عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔

نائب صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر نے کس قانون کے تحت محمود خان اور اکرم درانی کو وزیراعلیٰ کے انتخاب سے متعلق خط لکھا ہے، محمود خان وزیراعلیٰ ہے نہ ہی اکرم درانی اپوزیشن لیڈر ہے۔ محمود خان اور اکرم درانی کا منتخب کردہ نگران وزیراعلیٰ کسی صورت قبول نہیں ہو گا، اس معاملے کو آئین کے تحت حل کیا جائے، محمود خان اور اکرم درانی نے نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا تو اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔