ورلڈکپ کا گروپ مرحلہ ختم :کونسی ٹیم سیمی فائنل میں کس ٹیم سے ٹکرائے گی؟

Nov 12, 2023 | 23:09:PM

(ویب ڈیسک)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023  میں اتوار کو  بھارت کی نیدرلینڈز کے خلاف جیت کے بعد گروپ مرحلہ ختم ہوگیا۔

بھارت میں  جاری ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر45 میچز کھیلے گئے، ایونٹ میں شریک 10 ٹیموں نے 9،9 میچز کھیلے۔گروپ مرحلے کے آخر میں ٹاپ چار ٹیمیں، بھارت، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفا ئی کیا۔

 بھارت گروپ سٹیج میں ناقابل شکست رہا، انڈین ٹیم نے اپنے تمام 9 میچز میں کامیابی حاصل کی۔گروپ سٹیج کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔

ورلڈکپ کے شیڈول کے مطابق پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم سیمی فائنل میں چوتھے نمبر کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔اسی طرح پوائنٹس ٹیبل کی دوسرے نمبر کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ٹیم کا سیمی فائنل میں سامنا کرے گی۔

اس حساب سے بھارت کا سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا جنوبی افریقا سے مقابلہ ہوگا۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ورلڈکپ کا فائنل 19 نومبر کو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور ٹکٹ ہولڈر کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

مزیدخبریں