لاہور زہریلے دھویں میں گم،پنجاب اور خیبر پی کے میں بھی دھند،نئی پابندیاں عائد ،موٹرویز بند
پاکستان میں سموگ کی شدت اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ خلاء سے بھی نظر آنے لگی ہے، امریکی میڈیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کومل اسلم، اقصیٰ شاہد) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زہریلے دھویں چھا گئے،لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈیکس 1087 تک پہنچ گیا، شہر میں نئی پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ موٹرویز کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا۔
بھارت سے آتی زہریلی ہواؤں نے پورے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، صبح سویرے لاہور ایک ہزار 27 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا جبکہ شہر میں سموگ کی مجموعی شرح 910 تک جا پہنچی۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقے ڈی ایچ اے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1236، جوہر ٹاؤن کا 991، سید مراتب علی روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1256 ریکارڈ کیا گیا، غازی روڈ انٹرچینج کا اے کیو آئی 904 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ملتان کا اے کیو آئی 800 تک جا پہنچا جبکہ پشاور 258، فیصل آباد 252 اور اسلام آباد میں اے کیو آئی 253 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سموگ کے باعث خشک کھانسی، سانس میں دشواری، بچوں میں نمونیا اور چیسٹ انفیکشن میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک ہفتے میں لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 315 افراد متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 نومبر سے مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک میں داخل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : مارکو روبیو کے وزیر خارجہ بنائے جانے کا امکان
سموگ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے آؤٹ ڈور سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے سخت پابندیاں نافذ کردیں،دریں اثناء پنجاب میں سموگ کے باعث لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں دکانیں، شاپنگ مالز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرانے کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا، 17 نومبر تک رات 8 بجے کے بعد کاروبار جاری رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کر دی گئیں، ہال روڈ، مال روڈ اور پینوراما شاپنگ سینٹر کے تاجروں نے شٹرز گرادیے۔
حکومت کی جانب سے ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ، آؤٹ ڈور گیمز، نمائشوں اور تقریبات پر بھی 11 نومبر سے 17 نومبر تک پابندی عائد کر دی گئی ہے، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور کریانہ سٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے،جبکہ لاہور میں کوئی بڑی گاڑی بغیرسرٹیفکیٹ داخل نہیں ہوسکتی۔
یہ بھی پڑھیں : فضائی آلودگی جانچنے کا پیمانہ کیا ہے؟ تفصیلات جانئے
سموگ کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے لگیں جبکہ پروازیں معطل کرنا پڑگئیں، حد نگاہ ختم ہونے پر موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کردی گئی جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کے باعث معطل ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سموگ کی شدت اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ خلاء سے بھی نظر آنے لگی ہے۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں حالیہ ویک اینڈ پر لاہور اور ملتان پر اتنی گہری سموگ ہے کہ سڑکیں اور عمارتیں اُس کی لپیٹ میں آگئیں، تصاویر میں صرف دھند دیکھی گئی۔