ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی۔۔ اتھارٹی وزیراعظم ہیں۔فواد چودھر ی

Oct 12, 2021 | 16:57:PM

 (24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سول اور ملٹری کے درمیان بہت آئیڈیل تعلقات ہیں ، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر وزیر اعظم کی اتھارٹی ہے، تقرر ہمیشہ وسیع البنیاد مشاورت کی بنیاد پر ہوتا ہے اور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری قانونی طور پر تمام چیزیں مکمل کرنے کے بعد ہو گی ،وزیر اعظم آفس کبھی بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا جس سے پاکستان کی فوج یا پاکستان کے سپہ سالار کی عزت میں کمی ہو اور پاکستان کی فوج یا سپہ سالار بھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے وزیر اعظم یا سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی ہو ۔
 منگل کو یہاں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا، گزشتہ رات وزیراعظم اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل ملاقات ہوئی، آرمی چیف اور وزیراعظم کے آپس میں بہت قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ دونوں کا ایک دوسرے سے قریبی رابطہ اور تعلق ہے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقر ر کیلئے قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا اور اس پر بھی دونوں کا اتفاق رائے ہے۔انہوں نے کہا کہ ۔انہوںنے کہاکہ رحمت اللعالمین اتھارٹی نصاب پر مشورے دے گی اور دنیا میں اسلام کا اصل تشخص اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کرے گی اور بڑھتے ہوئے اخلاقی جرائم میں کمی کے لیے اعتدال اور میانہ روی کے رجحان کو بڑھانے کے لیے کام کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملک میں لوگ نبی اکرم سے دیوانہ وار محبت کرتے ہیں اور وہ رحمت اللعالمین ہیں لیکن یہ تشخص پاکستان میں آج تک اجاگر نہیں کیا گیا، اس اتھارٹی کو قائم کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم سیرت النبیسے سبق سیکھیں اور اس کو اپنی عمومی زندگی میں لانے کی کوشش کریں۔انہوںنے کہاکہ یہ کوئی عام اتھارٹی نہیں ہو گی بلکہ اس میں دنیا اور پاکستان کے صف اول کے دانشور شامل ہوں گے، یہ سوچا سمجھا بیانیہ ہے اور ہم لوگوں کو بتائیں کہ کس طرح اسلام محبت اور رحم کے راستے پر پھیلا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستان کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کابینہ کا کوئی بھی اجلاس ایسا نہیں جس میں ہم انتخابی اصلاحات اور بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بات نہ کی ہو اور ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینی ہے تاکہ وہ ووٹ دے سکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شوکت ترین ان دنوں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں، ان کے سینیٹ کا الیکشن لڑنے کے حوالے سے بات ہو چکی ہے اور آئینی اور قانونی طریقے کے مطابق اپنا کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم موجود نہیں تھے ورنہ وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جنازے میں ضرور شریک ہوتے لیکن ان کی ہدایت کے مطابق تمام کابینہ نے جنازے میں شرکت کی تھی،ہمارے وزار میں یہ چیز نہیں ہے کہ ہم ہر جگہ پر اپنی تصاویر بنوائیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور نیول چیف بھی نماز جنازہ میں شریک تھے، ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ میں 15 سے زائد وزرا شریک تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے میڈیا نے ڈی جی آئی آئی کے معاملے کو سنسنی خیز نہیں بنایا اور ذمے دارانہ رپورٹنگ کی جس پر میں انہیں سراہنا چاہتا ہوں لیکن دوسری طرف مینار پاکستان کا واقعہ تھا جس میں اب کس طرح کے حقائق سامنے آ رہے ہیں اور ہم نے اس طرح ڈھنڈورا پیٹا کہ جیسے خواتین یہاں محفوظ نہیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہم نے کس طرح سے غلط خبر کو اصل خبر سے جانچنا ہے اور سوشل میڈیا پر کوئی چیز دیکھنے کے بعد اس کے پیچھے پڑنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کر لینی چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک مسئلہ چل رہا ہے، ہماری خواہش یہ ہے کہ استحکام ہو اور سیاسی اور آئینی طریقہ کار کے مطابق چیزیں آگے بڑھنی چاہئیں۔فواد چوہدری نے کہاکہ گورنر بلوچستان نے وزیر اعظم کو وہاں کی سیاسی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی ہے اور ہم اس ضمن میں آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خاقان عباسی کا نیب آرڈیننس عدالتوں اور سینٹ میں چیلنج کرنیکا اعلان

مزیدخبریں