(24نیوز)اوکاڑہ تھانہ شاہبور کی حدود میں دوران ڈکیتی پولیس اور ڈاکوؤں میں کراس فائرنگ کا تبادلہ ،اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 5 ڈاکو ہلاک ،دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکوناکہ لگا کر لوگوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کا تعاقب کیا جس پر ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی گئی ،ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پاکپتن پولیس کے سب انسپکٹر سرور اکرم شہید ہوگئے جبکہ 2 جوان زخمی ہو گئے۔
پولیس جوانوں کی جانب سے بھی اپنی حفاظت کیلئے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی گئی اور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو پہلے ہلاک ہوگیا جبکہ باقی 4 ڈاکو بعد میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے ،ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت زوار حسین، اعظم ، رضوان ،شاہد اور عابد علی کے نام سے ہوئی۔
ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ڈاکووں کے قبضے سے لوٹا ہوا سامان، اسلحہ اور موٹر سائیکلز برآمد کر لیا گیا ۔
آر پی او ساہیوال کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔