سہ فریقی سیریز: نیوزی لینڈ کی بنگلادیش کو شکست، فائنل میں جگہ بنالی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 208 رنز بنائے۔
کیویز کی جانب سے ڈیون کانوے نے 64 رنز اور گلین فلپس نے 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فن ایلن نے 19 گیندوں پر 32 اور مارٹن گپٹل نے 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
اننگز کے اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے 19 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 50 رنز اسکور کر کے ٹیم کا اسکور 208 رنز تک پہنچایا۔
بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور عبادت حسین نے دو دو جبکہ شریف الاسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم کا آغاز متاثر کن نہ رہا، مقررہ 20 اوورز میں بنگال ٹائیگرز کی ٹیم 7 وکٹوں پر محض 160 رنز بناسکی۔
اوپنر نجم الحسن شنٹو 11، لٹن داس 23، سومیا سرکار 23، عفیف حسین 4، نور الحسن 2 رنز بناسکے۔ کپتان شکیب الحسن نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 70 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
کیوی بالرز کی جانب سے ایڈم ملنے نے 3، ٹم ساؤتھی اور مچل بریسول نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم اب تک کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، بنگلہ دیش کل پاکستان کے خلاف آخری گروپ میچ میں مدمقابل آئے گی۔