8 افراد کے قاتل کو گرفتار کرنے پر کانسٹیبل کے اعزاز میں تقریب، نقد انعام سے نوازا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) شیخوپورہ کے علاقے نارنگ منڈی میں 8 افراد کو بے دردی سے قتل کرنے والے سفاک قاتل کو اپنی جان پر کھیل کر گرفتار کرنے والے پولیس کانسٹیبل ظفر اقبال کے اعزاز میں ڈی پی او دفتر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار نے لاہور کے تھانہ لاری اڈہ میں تعینات ظفر اقبال کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹیگیشن فاروق امجد بٹر بھی ڈی پی او فیصل مختار کے ہمراہ تھے۔
ڈی پی او فیصل مختار کا کہنا ہے کہ ایسے بہادر پولیس اہلکار ہمارا فخر ہیں، کانسٹیبل ظفر اقبال نے جب سفاک قاتل کو دیکھا تو نہ صرف متعلقہ تھانے کو اطلاع کی بلکہ اس کا پیچھا کر کے اسے گرفتار کروایا۔
دوسری جانب 8 افراد کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم فیض رسول کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر انسپکٹر صفدر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے ملزم فیض رسول کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔