(ویب ڈیسک) کراچی میں تھانہ عزیز بھٹی پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ زخمی ملزمان سے چھینے ہوئے 5 موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
ملزمان نے بینک اور اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہریوں سے ڈکیتی کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان عادی مجرم ہیں اور پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔ ایس ایس پی ایسٹ سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ملزمان نے تھانہ بریگیڈ، سولجر بازار، جمشید کوارٹر، نبی بخش، لیاقت آباد، رسالہ، گارڈن، گلشن اقبال اور عزیز بھٹی سمیت دیگر تھانوں کی حدود میں متعدد سنگین وارداتوں کا اعترف بھی کیا ہے۔
ملزمان سے تھانہ جمشید کوارٹر کی حدود سے چھینے ہوٸے پانچ موباٸل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ دو پسٹل بمع راٶنڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ملزمان مشتبہ حالت میں بینکوں کے قریب واردات کی نیت سے گھوم رہے تھے۔ پولیس نے مشتبہ ملزمان کو چیکنگ کے لیے روکنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔
دو طرفہ فاٸرنگ کے بعد دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ ملزمان سے زیر استعمال برآمدہ موٹر ساٸیکل کی تصدیق کی جارہی ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد بلال ولد گل فراز اور زبیر ولد عبدالرحمان کے ناموں سے ہوٸی ہے۔