(ویب ڈیسک) ملالہ یوسف زئی دادو کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے واپس روانہ ہوگئیں ہیں۔
اس موقع پر ڈی سی اور ایس ایس پی عرفان سمو نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی طرف سے انہیں اور ان کے والد کو شال اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔
اس سے پہلے ملالہ یوسفزئی آج صبح سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر دادو روانہ ہوئی تھیں جہاں انہوں نے دادو اور اطراف کے علاقوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر دادو مرتضیٰ شاہ نے ملالہ یوسفزئی کو سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔ ملالہ نے جوہی کے سیلاب زدہ علاقے چھنڈن دیھ میں ٹینٹ سٹی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گھل مل گئیں۔ سیلاب متاثر خواتین نے انہیں کیمپ میں خوش آمدید کیا، ملالہ نے کیمپ میں خواتین سے بیٹھ کر ان کے مسائل سنے اور انہیں حوصلہ دیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرخواتین کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس مشکل وقت کا بہادری سے مقابلا کر رہی ہیں، آپ بہادر خواتین ہیں۔
وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے ملالہ یوسف زئی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب بھی بہت سارے علاقوں میں پانی موجود ہے، پانی کی نکاسی کے بعد مزید سروے کرکے اسکولوں کے نقصانات کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 12000 اسکولوں میں 20 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے جس پر ملالہ یوسفزئی نے تشویش کا اظہار کیا۔
سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر ملالہ یوسفزئی کے ہمراہ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیر تعلیم سید سردار شاہ اور سماجی کارکن اور زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے بھی موجود ہیں۔
ملالہ یوسفزئی نے ایم این وی بند پر سیلابی پانی کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی سی دادو مرتضیٰ شاہ نے ملالہ یوسفزئی کو بریفنگ دی۔ ملالہ یوسفزئی نے بند پر رہنے والے خاندانوں اور بچوں سے ملاقات بھی کی۔
سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے دوران نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کیرموری میں خیمہ اسکول میں بچوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملالہ کی فرمائش پر اسکول کی بچیوں نے انہیں نغمے سنائے جبکہ معروف گلوکار شہزاد رائے نے بھی بچوں کو نغمے سنائے۔