(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے منی لانڈرنگ مقدمے میں اپنی بریت پر کہا ہے کہ ریاستی قوت کے استعمال اور اداروں کو یرغمال بنانے کے باوجود ہم عدالت، قانون اور عوام کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں،حق وسچ کی جیت ہوئی۔
شہباز شریف نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ حق ذات نے پھر فضل فرمایا، منی لانڈرنگ کے جھوٹے، بے بنیاد، سیاسی انتقام پر مبنی مقدمے سے بریت کا یہ دن دکھایا،انہوں نے مزید کہا کہ ’اس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر اداکریں کم ہے، بدترین چیرہ دستیوں، ریاستی قوت کے استعمال اور اداروں کو یرغمال بنانے کے باوجود ہم عدالت، قانون اور عوام کے سامنے سرخرو ہوئے۔
یاد رہے کہ لاہور کی خصوصی عدالت نے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ مقدمے میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کو بری کردیا ہے۔