بجلی کے زائد بلوں کی تحقیقات کی جائے، راجہ پرویز اشرف  نے ہدایت دیدی

Oct 12, 2022 | 21:23:PM
 بجلی,زائد بلوں , تحقیقات, راجہ پرویز اشرف
کیپشن: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اگست میں بجلی کے زائد بلوں کے معاملے پر بحث ہوئی،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیرکو ہدایت کی ہے کہ پورے ملک کے بجلی کے زائد بلوں کی تحقیقات کریں۔

تفصیلات کے مطابق  قومی اسمبلی اجلاس میں زائد بلوں کے معاملے پرجماعت اسلامی کے رکن عبدالاکبر چترالی نے بجلی بلوں پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا،  وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیرکا کہنا تھا کہ جولائی میں جو یونٹ استعمال ہوئے ان کا بل اگست میں آیا، فیول ایڈجسٹمنٹ جون کے استعمال ہونے والے یونٹ پر ہوئی تھی۔

100 یونٹ یا اسے کم بجلی استعمال پر فیول ایڈجسٹمنٹ نہیں لگایا گیا تھا، کسانوں نے بھی زیادہ بلوں پر احتجاج کیا،300 یونٹ استعمال کرنے والوں کو وزیراعظم نے رعایت دی، مستقبل میں امپورٹڈ ایندھن سے بجلی نہیں بنائیں گے، آئندہ بجلی صرف 5 ذرائع سے ہی بنائیں گے، شمسی و جوہری توانائی، ونڈ، ہائیڈل اور تھرکول ہیں۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نےکہا کہ میرے گھر کا بل 33 ہزار ہے اور فیول ایڈجسٹمنٹ 2لاکھ روپے ہے،خرم دستگیر نےکہا کہ سید خورشید شاہ کے بل پر تحقیقات کی جائےگی جس پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ہدایت کی کہ پورے ملک کے زائد بلوں کی تحقیقات کریں،اسپیکر نے بجلی قیمتوں کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھیج دیا۔

دوسری جانب  اسلام آباد میں خرم دستگیر نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ صرف 22 پیسے ہو گی،بجلی کی قیمت میں بھی بتدریج کمی لائیں گے ،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

تھرکول سے پیدا ہونے والی بجلی ملک کےلئے تحفہ ہے، دسمبر میں تھرکول سے بجلی پیداوار 1320 میگاواٹ اور آئندہ سال موسم گرما تک 2640 میگاواٹ ہو جائے گی، بجلی قیمت میں بھی بتدریج کمی لائیں گے،انہوں نے کہا کہ اسلام کوٹ، حیدر آباد ریل لنک سے ملک بھر میں سستے کوئلہ کی ترسیل ممکن ہو گی، دنیا سے 400 ڈالر فی ٹن کی قیمت پر ملنے والا کوئلہ تھر سے 40 ڈالر فی ٹن میں دستیاب ہو گا، تھرکول سے گیس اور سیمنٹ سمیت دیگر صنعتوں کو بھی فائدہ ہو گا.

 وزیراعظم شہباز شریف نے تھر میں 330 میگاواٹ کے حبکو پاور پلانٹ کا افتتاح کیا۔ ابتدائی تخمینہ کے مطابق تھر میں 175 ارب ٹن کوئلہ کے ذخائر موجود ہیں عوام کو بجلی کی فراہمی میں ہر ممکن ریلیف دیا جا رہا ہے، جون کے مہینے کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 9 روپے 89 روپے تھی جو اگست کے بلوں میں شامل کی گئی، رواں ماہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ صرف 22 پیسے ہو گی۔