(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نواز شریف سے ملاقات کیلئے لندن پہنچ گئے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ حسن نواز کے دفتر پہنچے، اس موقع پر مریم نواز بھی ہمراہ تھیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار معاشی بہتری کیلئے نواز شریف سے مشاورت کرنے لندن آئے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہناتھا کہ ڈالر کے مقابلہ میں روپیہ مضبوط ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں یہ مزید مضبوط ہوگا، روپے کے ساتھ کھیل کھیلا گیا جو ماضی کا حصہ بن چک ہے، اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر کوئی آج ڈالر مارکیٹ میں بیجنے جاتا ہے تو منی چینجر انٹر بینک قیمت کے مقابلہ میں 10 روپے کم دے رہے ہیں، روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی اصل قیمت 200 روپے سے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی مصنوعی قیمت بڑھا کر بینکوں نے 50 ارب کے قریب منافع کمایا، ہم اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام نہیں ہوں گے اور اس معاملہ پر ایکشن ہوگا، کیا ایکشن ہوگا میں پبلک نہیں کرسکتا، دو، تین ہفتے میں نظر آ جائے گا کیا ایکشن ہوگا، اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ میں نے سوچ سمجھ کرکیا، وزیراعظم اور حکومت کی مرضی سے کیا ہے اور اس حوالہ سے ہمیں آئی ایم ایف کو ہینڈل کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی، آئی ایم ایف کیساتھ جو ہماری کمٹمنٹ ہے ان پر پورا اتریں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو چھوٹا بھائی سمجھتا ہوں، اس نے 4 سال میرے ساتھ کام کیا ہوا ہے، میرا ان سے کوئی گلہ نہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے عوام کی تکلیف کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں 12 روپے ریلیف دیا، اگر آئی ایم ایف اس حوالہ سے مجھ سے بات کرے گا تو میں ان کو آگاہ کر دوں گا، مجھے تو لگتا ہے لوگ چاہتے ہیں میں تیل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف نہ دیتا۔ ایک سوال پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا ابھی تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔