(24 نیوز)جامشورو کے علاقے نوری آباد میں کوچ میں آگ لگنے سے 18 مسافر جاں بحق ہو گئے،جاں بحق ہونے والوں میں9 بچے ،8 خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔بس میں سوار تمام افراد مغیری برادری سے تعلق رکھتے تھے۔
پولیس کے مطابق مسافر کوچ میں سوار تمام افراد سیلاب متاثرین تھے جو کراچی سے اپنے گاﺅں خیرپور ناتھن شاہ جا رہے تھے ۔ڈی سی جامشورو آصف جمیل شیخ نے کہاہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18ہو گئی، جاں بحق ہونیوالوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نوری آباد کے پاس مسافر کوچ میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پی جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو جائے وقوعہ پر ایمبولینس بھیجنے اورزخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہارکیا اور انتظامیہ کو متاثرین کے اہل خانہ سے ہر قسم کے تعاون کی ہدایت کر دی،وزیراعلیٰ سندھ نے واقعہ پیش آنے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
جامشورو، مسافر کوچ میں خوفناک آتشزدگی، 18 افراد لقمہ اجل بن گئے
Oct 12, 2022 | 22:56:PM