اسرائیل سے واپسی، اداکارہ نشرت بھروچا کا پہلا پیغام جاری 

Oct 12, 2023 | 08:31:AM

(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ نشرت بھروچا نے اسرائیل سے واپس اپنے ملک آجانے کے بعد پہلا پیغام جاری کرتے ہوئے دہشت انگیز دن کے حوالے سے اہم انکشاف کردیا۔

چند روز قبل نشرت بھروچا فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس کے آپریشن ’طوفان الاقصی‘ کے دوران اسرائیل میں پھنس گئی تھیں اور ان سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا۔

اب اداکارہ نشرت بھروچا  نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ ’ میں ان سب لوگوں کی شکر گزار ہوں جو میرے لیے فکر مند تھے اور میں ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں ٹھیک ہوں اور اپنے ملک بھارت میں ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ دو روز قبل میں دھماکوں کی آواز پر اٹھی، ہر طرف سائرن اور زور دار دھماکوں کا شور تھا، جس کے بعد میری حفاظت کیلئے مجھے تہہ خانے میں لے گئے۔ ’ میں نے زندگی میں آج تک ایسا کچھ نہیں دیکھا تھا اور آج اپنے گھر میں پُرسکون اور محفوظ ماحول میں آنکھ کھلنے پر مجھے یہ احساس ہوا ہے کہ ہم کس قدر خوش قسمت ہیں۔

انہوں اپنے اس ویڈیو پیغام میں بھارتی اور اسرائیلی حکومت اور سفارتخانوں کا شکریہ بھی ادا کیا جن کے سبب وہ باحفاظت بھارت واپس آسکیں۔

یاد رہے کہ  بھارتی میڈیا کے مطابق نشرت بھروچا 39 ویں ‘حائفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول’ کے لیے اسرائیل گئی تھیں، اس فلم فیسٹیول میں اُن کی فلم ‘اکیلی’ کو منتخب کیا گیا تھا۔

نشرت بھروچا کو اگلے روز بحفاظت اسرائیل کے ائیرپورٹ سے بھارت روانہ کردیا گیا تھا جس کے بعد انہیں ممبئی ایئرپورٹ پر  بے حد پریشان دیکھا گیا تھا اور  وہ میڈیا کے تمام سوالات نظر انداز کرتے ہوئے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہوگئی تھیں۔ 

مزیدخبریں