(دور نایاب) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے اچانک اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ون وے کی خلاف ورزی روکنے کیلئے یوٹرنزپر ٹائر برسٹ لگانے کا حکم دیدیا۔
اکبر چوک فلائی اوور منصوبے کا مجموعی طور پر 84 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ مشکل منصوبہ تھا، الحمد اللہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ پورے کالج روڈ کی تعمیر و بحالی کی جا رہی ہے۔ پیکو روڈ سے نہر تک سڑک کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اپنے دورے کے دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت بھی کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ پر دن رات کام جاری ہے، ڈی جی ایل ڈی اے اور ان کی ٹیم محنت سے کام کر رہے ہیں، ٹریفک جام رہنے کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوگا، اکبر چوک سے ٹاؤن شپ جانے والی روڈ کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں۔ ہارٹی کلچر کا کام کر کے پوری سڑک کو خوبصورت بنائیں گے۔ میرے ساتھ کام کرنے والی ٹیم بہت محنتی ہے۔ جو بھی حکومت آئے گی انہیں بھی ایسے محنتی لوگوں کی ضرورت ہوگی۔
مزید پڑھیں: ڈینگی وائرس اور ملیریا کے حملے نہ تھم سکے
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ون وے کی خلاف ورزیاں روکنے کیلئے یوٹرنزپر ٹائر برسٹ لگانے کا حکم دیا۔ ساتھ ہی شہر میں کل سے ون وے کی خلاف ورزیاں پر موٹرسائیکلیں، گاڑیاں بند کرنے کا حکم بھی دیا۔ ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالے اپنی اور دوسری کی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں، ون وے کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی آپریشن اورسی ٹی او کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بڑی مہم چلائی جائیگی۔ روڈ فوٹیج کا جائزہ لیں تو ایک گھنٹے میں 100سے زائد خلاف ورزیاں آئیں گی۔ شہر میں بیشتر حادثات قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ ون وے قانون توڑنے کی وجہ سے حادثات کا تناسب بہت بڑھ چکا ہے میڈیا لوگوں کو ون وے قوانین پر عملدرآمد کا شعور بیدار کرے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے 750 تھانوں کی حالت بہتر بنانا چاہتے ہیں جو کام ہمارا ہے ہم کریں گے مگر پولیس کو اپنا رویہ بہتر بنا کر امیج ٹھیک کرنا ہے۔ صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈپٹی کمشنر بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ،سی ٹی او اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بی بی پاکدامن کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے تزئین و آرائش، توسیعی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا. مزار بی بی پاکدامن کو کشادہ کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ بھی کیا۔
وزیراعلیٰ کا تزئین و آرائش، توسیعی منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور مرکزی مزار کے احاطے کی تزئین و آرائش کو بھی مکمل کرنے کی ہدایت دے دی۔