(ویب ڈیسک) کیا کبھی آپ نے کسی کو 31 انڈوں کا آملیٹ کھاتے سنا یا دیکھا ہے؟ یقیناً نہیں دیکھا ہوگا لیکن بھارت میں ایک اسٹریٹ فوڈ نے انڈوں کا چیلنج متعارف کرایا ہے جس کے پیشِ نظر 31 انڈوں کا آملیٹ کھانے والے کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو بھائی نامی دکاندار نے یہ منفرد آملیٹ نکالا ہے جس میں 31 انڈوں سمیت مختلف سبزیاں ، کباب ، پنیر اور مکھن شامل کیا جائے گا۔
حال ہی میں ایک مرتبہ پھر وائرل ہونے والی ویڈیو رواں برس کے آغاز فروری میں پہلی بار سامنے آئی تھی جس کے بعد ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا سمیت بھارتی میڈیا پر اس پیشکش کا تذکرہ کیا جارہا ہے کیونکہ یہ آفر اب تک موجود ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 31 انڈوں کے آملیٹ میں 4 بڑی مکھن کی ٹکیوں سمیت پنیر، کباب، پیاز، ٹماٹر، مرچوں سمیت سلاد کے پتے اور ڈبل روٹی کے ٹکڑے شامل کیے جارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس آملیٹ کی قیمت 1320 بھارتی روپے ہے، لیکن چیلنج قبول کرنے والے کو یہ آملیٹ 30 منٹ میں کھانا ہوگا، اگر ایسا کردکھایا تو اسے 1 لاکھ بھارتی روپے دیے جائیں گے، البتہ چیلنج پورا نہ کرنے والے کو 1320 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
چراغ برجاتیا نامی فٹنس ایکسپرٹ نے یہ ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے ان تمام اشیاء کی مقدار لکھی اور بتایا کہ اسے کھاکر ہم جسم میں کتنا کولیسٹرول بڑھے گا۔ وائرل ویڈیو پر کئی صارفین تنقید کرتے نظر آرہے ہیں، کچھ کا کہنا ہے کہ یہ اپنی جان کے ساتھ کھیلنے والی بات ہوگی کیونکہ عام انسان کا معدہ یہ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔