(24 نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال اور این 5 پل کے زیر التوامنصوبے کا دورہ کیا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ٹیچنگ ہسپتال میں 180 بستروں پر مشتمل کارڈیالوجی ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ٹیچنگ ہسپتال میں موجود عمارت کا معائنہ کیا اور عمارت کو مکمل طور پر کارڈیالوجی ہسپتال کیلئے مختص کرنے اورعلیحدہ کارڈیالوجی ہسپتال بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں ۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دسمبر تک کارڈیالوجی ہسپتال کو فنکشنل کرنے کا حکم دیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ بھی لیا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں کی عیادت کی اور مفت ادویات اور میڈیکل ٹیسٹ کے بارے دریافت کیا ۔
بعض مریضوں نے ادویات باہر سے منگوانے کی شکایات کیں، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ادویات کی خریداری پر خرچ مریضوں کی رقم واپس کرائی ۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا اور بعض وارڈز میں بند اے سی فوری چلانے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ساہیوال میں این 5 پل کے زیر التواپل کا معائنہ کیا اورزیر التواپل پر جلد تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم دیا، محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب حکومت اس پل کو مکمل کرانے کیلئے 40 کروڑ روپے کے فنڈز دے گی۔
کمشنر ساہیوال اور محکمہ تعمیرات و مواصلات کے حکام نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ساہیوال کے کمشنر، آر پی او،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دورہ ساہیوال کے فورا بعد مراکہ انٹرچینج ایس ایل تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ایف ڈبلیو او حکام کی ایس ایل تھری پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ سروے اور راستے کی کلیرنس کا کام 100فیصد مکمل ہو چکا ہے،8برج،5سب وے اور 14نکاسی آب کے راستوں پر کام 20فیصد مکمل ہو چکا ہے،بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سڑک کی تعمیر کے لئے 20ملین فٹ مٹی سب وے مکمل ہو چکی ہے، مجموعی طور پر 8کلومیٹر طویل سڑک پر 88ملین فٹ مٹی سے سب وے بنے گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سدرن لوپ تھری کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کہا کہ سدرن لوپ تھری لاہور کا بڑا پراجیکٹ ہے جلد مکمل کرکے شہریوں کے لئے کھول دیا جائے گا،پراجیکٹ کو جلدمکمل کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مراکہ انٹر چینج ایس ایل تھری اور ایس ایل فور کو باہم منسلک کرنے کی وجہ سے اہمیت کا حامل ہے،لاہور،قصور جانے اور جنوبی پنجاب سے آنے والی ٹریفک کو بے حدآسانی ہو گی،مراکہ انٹر چینج مستقبل میں ایس ایل تھری کومستقبل میں بننے والے ایس ایل فور سے ملا ئے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کا دورہ کر چکا ہوں،میری ٹیم لگا تار مختلف شہروں کے دورے کرتی رہتی ہے،کسی جگہ میں نہ پہنچ پاؤں تو میری ٹیم پہنچ جاتی ہے،نگران کابینہ کا اگلا اجلاس لاہور کی بجائے کسی اور ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں منعقد کیا جائے گا،ہماری پوری کوشش ہے کہ سموگ پر قابو پایا جائے،سموگ سے بچنے کے لئے مراکہ ایس ایل تھری پراجیکٹ سمیت ہر پراجیکٹ میں سائیٹ پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے،انسداد سموگ کے لئے ماہرین سے مشاورت کی گئی ہے،حتمی فیصلے ہونا ابھی باقی ہیں،سموگ کے لیول کو مدنظر رکھ کرماہرین کے مشورے سے آئندہ فیصلے کئے جائیں گے۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی نے مزید کہا کہ کابینہ کے اگلے اجلاس میں سموگ کے حوالے سے فیصلے ہوں گے لیکن ہر فیصلہ سموگ کے لیول سے مشروط ہو گا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اور ایف ڈبلیو او کے حکام موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر کیس میں وزارت خارجہ کیوں مدعی نہیں ؟عمران خان کے وکیل نے سوال اٹھا دیا