(ویب ڈیسک)اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے 24 گھنٹوں کے دوران خاتون سمیت 5 ملزم گرفتار کرلیے جبکہ بھاری مقدارمیں منشیات بھی برآمدکرلی۔
اس حوالے سے اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں 44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 3.445 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی ہے،گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد کی ایک بڑی یونیورسٹی کے قریب خاتون منشیات فروش سے 1 کلو گرام ہیروئن اور 200 گرام چرس برآمد کی گئی،ملتان میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 495 گرام آئس جبکہ ڈیرہ غازی خان کے قریب 2 کارروائیوں میں 2 ملزمان سے 1200 گرام آئس برآمد ہوئی ہے۔
اے این ایف ترجمان کامزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔