پنجاب کے 5 اضلاع میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ

Oct 12, 2024 | 10:12:AM
پنجاب کے 5 اضلاع میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پنجاب کے مزید 5 اضلاع میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، جس کے تحت ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ دفعہ 144 ڈیرہ غازی خان، لیہ مظفرگڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو میں 3 دن کے لیے نافذ کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق ہفتہ 12 اکتوبر سے سوموار 14 اکتوبر تک ہوگا، مزید بتایا گیا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، امن وامان کےقیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے احکامات جاری کیےگئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے پیش نظر حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں 8 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔

 ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا تھا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے، راولپنڈی میں سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج سمیت تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اس سے ایک روز قبل (10 اکتوبر)کو حکومت پنجاب نے صوبے کے 8 اضلاع میں تین دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی تھی، نوٹی فکیشن کے مطابق ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج پر پابندی عائد ہو گی، پابندی کا اطلاق آج سے ہفتہ 12 اکتوبر تک ہوگا۔