میتھی دانے کے حیرت انگیز فوائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)میتھی کو عربی میں حلبہ اور دیگر زبانوں میں مختلف ناموں سے جانا جاتا ہے یہ ایک انتہائی مفید جڑی بوٹی ہے جو انسانی صحت کیلئے کئی فوائد کی حامل ہے۔
سینکڑوں سالوں سے میتھی دانہ کو بطور غذا اور بہت سے طبی فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ میتھی دانہ اور میتھی سبزی کے باقاعدہ استعمال سے قوتِ مدافعت کی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں بہت سی وائرل اور موسمی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
میتھی دانے کی افادیت سے کسی کو انکار نہیں ہے، کیوں کہ اس میں بہت سے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔
ماہرین کی حالیہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق میتھی دانے اور اس کے پتے جسم میں موجود کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں بہت مفید ہیں۔
میتھی کولیسٹرول اور ٹریگسیسرائڈز کو بھی کنٹرول کرتی ہے، ٹریگسیسرائڈز خون میں پائی جانے والی وہ چربی ہے جس کی مقدار میں اضافہ دل کی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔
اس حوالے سے بھارتی ڈاکٹر محمد اقتدار حسین فاروقی نے اپنے مضمون میں میتھی دانے کے طبی فوائد کا جامع جائزہ پیش کیا ہے۔
بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ میتھی دانے کا استعمال تیزابیت، موٹاپا، جلدی مسائل اور دیگر بیماریوں کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ میتھی دانے کے فوائد کو بروئے کار لانے کے لیے معالج کے مشورے کے تحت استعمال کرنا زیادہ بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سورج سے بڑی تباہی پھیلنے کا خطرہ
میتھی غذائی ریشوں اور مناسب نشوونما کے لیے ضروری دیگر غذائی اجزاء کا بھرپور ذریعہ ہے۔ میتھی کئی فائٹو کیمیکلز جیسے الکلائیڈز، کاربوہائیڈریٹس، امینو ایسڈز، معدنیات اور سٹیرایڈیل سیپوننز سے بھی بھرپور ہوتی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق میتھی آپ کے دل کی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس میں پوٹاشیم کی زیادہ مقدار بھی ہوتی ہے جو دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد کے لیے سوڈیم کے عمل کا مقابلہ کرتی ہے۔ صحت مند دل کے لیے اسے یوگا کے ساتھ صحت مند غذا بنائیں۔