میری پہلی شادی کی ناکامی کی وجہ شراب نوشی تھی، جاوید اخترکااعتراف

ہنی ایرانی کےساتھ شادی کی ناکامی کا افسوس ہے،اسے بچایا جا سکتا تھا لیکن غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا

Oct 12, 2024 | 15:57:PM

(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے سینئر رائٹر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کی وجہ شراب نوشی کوقرار دے دیا۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران جاوید اختر نے شراب کی لت چھوڑنے کیلئے کی جانے والی جدوجہد پر بات کرتے ہوئے کہاکہ   ہنی ایرانی کے ساتھ میری شادی اس لیے ناکام ہوئی کیونکہ میں کبھی شرابی ہوا کرتا تھا،مجھے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کا افسوس ہے کیونکہ اسے بچایا جا سکتا تھا لیکن شراب  کی لت کی وجہ سے میں نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا۔

جاویداختر کا کہنا تھا کہ جب انسان نشے میں ہوتا ہے  توجذباتی  فیصلے لیتا ہے،آپ ان مسئلوں پر بھی جھگڑنا شروع کردیتے ہیں جو درحقیقت بڑے مسئلے نہیں ہوتےلیکن یہ غلطیاں مجھ سے ہوئی ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو شراب نوشی  سے بچے رہنے کیلئے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شراب پی کر کافی وقت ضائع کیا،میں شرابی تھا لیکن 31 جولائی 1991 کو شراب پینا چھوڑ دی تھی۔

معروف رائٹر نے مزید کہا کہ میں نے کم ازکم  10 سال شراب نوشی میں ضائع کردیئے جبکہ میں اس وقت کومثبت اوراچھے مقاصد کے لیے استعمال کرسکتا تھا کیونکہ اگر میں اپنی ابھی کی  زندگی کا ماضی کی زندگی سے موازنہ کروں تو میں نے شراب چھوڑنے کے بعد کوئی بڑی غلطی نہیں کی لہٰذانوجوانوں کونصیحت کروں گا کہ اگرآپ شراب پیتے ہیں تو اسے چھوڑدیں۔

جاوید اختر نے 1972میں پہلی شادی اداکارہ ہنی ایرانی کے ساتھ کی تھی جن سے ان کے دو بچے فرحان اختر اور زویا اختر ہیں لیکن 1985 میں جاوید اور ہنی ایرانی کے درمیان علیحدگی ہوگئی،جاوید اختر 9 دسمبر 1984 کو  شبانہ اعظمی کے ساتھ  رشتہ ازدواج میں بندھ گئے تھے۔

 

 

مزیدخبریں