(ویب ڈیسک) بھارت میں چلتی ٹرین کی پٹری پر آنے والی خاتون کو معجزانہ طور پر نئی زندگی مل گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دل دہلا دینے والا واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا جہاں ایک عورت چلتی ٹرین کے سامنے آگئی تاہم ریلوی پولیس اہلکار نے خاتون کی جان بچا لی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ریلوی پولیس اہلکار کی حاضر دماغی کے باعث خاتون کو نئی زندگی ملی، اہلکار نے دور سے ہی کسی عورت کو پٹری پر آتے دیکھ لیا تھا، اس نے فوراً ٹرین کو ہنگامی طور پر رکنے کا اشارہ کیا جس پر ریل کے ڈرائیور(موٹرمین) نے ٹرین روک دی اس طرح خاتون کی جان بچ گئی۔
یہ واقعہ صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرین اپنی پٹری پر خاتون کی جانب بڑھ رہی تھی لیکن اشارہ ملتے ہی ڈرائیور نے ریل کی رفتار ہلکی کردی۔
ٹرین رکنے پر پولیس اہلکار سمیت دیگر عملے نے خاتون کو پٹری سے ہٹایا۔ ابتدائی طور پر کہا گیا ہے کہ خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں جس کے باعث انہوں نے یہ اقدام اٹھایا۔خاتون کی شناخت سوبادھرا کے نام سے ہوئی جو مہاراشٹرا کے علاقے پال نگر کی رہائشی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای جانیوالے مسافروں کیلئے خوش خبری