(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملتوی کیے گئے ضمنی انتخابات میں سے 4 حلقوں میں الیکشن کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 157 ملتان اور پی پی 139 شیخوپورہ میں پولنگ 9 اکتوبر کو ہوگی۔
پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال میں بھی ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ 9 اکتوبر کو کروائی جائے گی۔ ضمنی انتخابات کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی اداروں کی سیلاب متاثرین کیلئے امداد میں مصروفیت کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ ملتوی کی گئی تھی، التوا اور انتخابات کی دوبارہ تاریخ کے حوالے سے آج اجلاس طلب کیا گیا۔ چاروں حلقوں میں پولنگ کی تاریخ 9 اکتوبر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
9 حلقوں کے نوٹیفکیشن معطلی سے متعلق ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ حاصل کیا جائے گا۔ فیصلے پر غور کے بعد 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کےلیے اجلاس 14 ستمبر کو ہوگا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سیلاب کے باعث 11، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے تھے۔