(ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اس پر کوئی پابندی نہیں، عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرانا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے، کوشش ہے جس حالت میں ملک ملا اس سے بہتر حالت میں اگلی حکومت کو دے کر جائیں، غیر جانبدارانہ، شفاف، منصفانہ انتخابات کی تیاری کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ نگران وزیر قانون کی صدر مملکت سے ملاقات معمول کا حصہ ہے، صاف، شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، انتخاب کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے تحت انتخابات آخری مردم شماری کے تحت ہونے ہیں، آخری مردم شماری 2023ء کی ہے جس کے تحت حلقہ بندیاں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں پر شیڈول جاری کرچکا ہے، حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو 54 دن الیکشن مہم کیلئے بھی دینا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ایس آئی ایف سی زراعت کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے،وزیر تجارت و صنعت
انہوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، اس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا تصور بھی پارلیمان نے دیا ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، انہیں اظہار رائے کا پورا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اس پر کوئی پابندی نہیں، کسی قسم کی کشمکش نہیں ہے، حالات اچھے ہیں، کوئی اضطراب نظر نہیں آرہا۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کا فیصلہ ہوگا وہ کس جماعت کو منتخب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے کچھ بڑے فیصلوں کا اختیار نگران حکومت کو دیا، عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرانا بھی ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے۔