(ویب ڈیسک )ایشیا کپ ون ڈے سپر فور مرحلے کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں پاکستانی فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ کیساتھ ساتھ آل راؤنڈر آغا سلمان بھی انجرڈ ہو گئے تھے اور اب اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ تینوں کھلاڑیوں کی سری لنکا کیخلاف ہونے والے اہم میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سلمان علی آغا کو بھارت کے خلاف میچ میں رویندر جڈیجا کے اوور میں سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے ناک پر گیند لگی تھی،قومی کرکٹر کو میچ کے بعد کولمبو کے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی ناک پر ڈریسنگ کی گئی،ٹیم مینجمنٹ کے مطابق سلمان علی آغا کے چہرے پر سوجن ہے لیکن وہ پہلے سے بہتر محسوس کررہے ہیں،ذرائع کا بتانا ہے کہ سعود شکیل کو سلمان علی آغا کی جگہ کھلائے جانے کا امکان ہے۔
پیر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی،بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حارث اور نسیم شاہ ایشیا کپ سے باہر، اب کون سے کھلاڑیوں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے ؟
بھارتی اننگز کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور نسیم شاہ انجری کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کی اننگز میں بیٹنگ کرنے بھی نہیں آئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف شرکت مشکوک ہے، ذرائع کے مطابق دونوں فاسٹ بولرز کی انجریز کی نوعیت کا جائزہ لیا جائےگا،جس کے بعد ان کی ایشیا کپ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔
تاہم حارث رؤف اور نسیم کی انجری کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ نے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اور زمان خان کو بیک اپ بولر کے لیے طلب کرلیا،یہ اقدام آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس اور ان کی صحت کے معیار کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔