(24 نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان میں ضمنی انتخاب کا میدان سجنے کو تیار ہے، حسان مصطفیٰ اورمخدوم طاہر رشید الدین کے درمیان کانٹے کامقابلہ متوقع ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ (صبح) 12 ستمبر کو ہو گی، یہ سیٹ پی ٹی آئی کےرئیس ممتاز مصطفیٰ ایڈووکیٹ کے انتقال پر خالی ہوئی، پی ٹی آئی کی جانب سے ممتاز مصطفیٰ ایڈووکیٹ کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے حسان مصطفی کو ٹکٹ جاری کی گئی۔
دوسری جانب میانوالی قریشیاں کا مخدوم خاندان سیٹ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے متحد ہوگیا، مخدوم ہاشم جواں بخت، مخدوم خسرو بختیار نے الیکشن لڑنے کی بجائےاپنے کزن مخدوم شہاب الدین کے بیٹے مخدوم طاہر رشیدالدین کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ جنرل الیکشن میں مخدوموں کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار رئیس ممتاز مصطفی ایڈووکیٹ نے ایک لاکھ 38 ہزار 32 ووٹ کر لے کرفتح سمیٹی، دوسرے نمبر پر آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے مخدوم ہاشم جواں بخت نے 56ہزار 28 ووٹ حاصل کیے جبکہ تیسرے نمبر پر رہنے والے پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم طاہر رشیدالدین نے 49ہزار 18ووٹ حاصل کیے تھے، اب ضمنی الیکشن میں قسمت کی دیوی کس پرمہربان ہوگی؟ اس بات کافیصلہ کل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر پہلے غیر ملکی دورے پر عراق پہنچ گئے
خیال رہے کہ ضمنی الیکشن کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے (صبح) 12 ستمبر کو ضلع رحیم یار خان میں تعطیل کا اعلان بھی کر دیا ہے۔