’’گیم آف تھرونز‘‘کی اداکارہ صوفی ٹرنراور گلوکارجوئے جونس کے درمیان طلاق 

35 سالہ جوئے جونس اور 28 سالہ صوفی ٹرنر نے 5 سال قبل شادی کی تھی 

Sep 12, 2024 | 12:37:PM

(ویب ڈیسک)مقبول امریکی ڈرامہ سیریز"گیم آف تھرونز"سے شہرت پانے والی اداکارہ صوفی ٹرنر اور امریکی گلوکار جوئے جونس کے درمیان طلاق ہوگئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ جوئے جونس اور 28 سالہ صوفی ٹرنر نے 5 سال قبل شادی کی تھی جبکہ گزشتہ سال جوئے نے طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

فلوریڈا کی عدالت نے جوئے جونس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اُن کے اور صوفی ٹرنر کے درمیان طلاق کی منظوری دے دی،عدالت نے اس کے علاوہ دونوں کے درمیان ایک خفیہ معاہدے کی بھی منظوری دی جس میں بیوی کے لیے مالی مدد،اثاثوں کی تقسیم اور ان کی دو بیٹیوں کی کفالت بھی شامل ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیاہے کہ عدالت نے اس خفیہ معاہدے کو صوفی ٹرنر اور جوئے جونس کے بچوں کی پرورش اور بہتر مستقبل کے لیے بنایا ہے جس کے ذریعے دونوں فنکاروں کو بھی فائدہ ہوگا۔

جوئے جونس اور صوفی ٹرنر نے سال 2019 میں لاس ویگاس میں شادی کی تھی جبکہ ستمبر 2023 میں گلوکار نے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی تھی۔

درخواست دائر کرنے کے ایک دن بعد جوئے جونس اور صوفی ٹرنر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ ہم نے باہمی رضامندی سے اپنی شادی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جوئے جونس اور صوفی ٹرنر کے درمیان بیٹیوں کی حوالگی کا بھی تنازعہ ہوا تھا لیکن رواں سال کے آغاز میں دونوں نے اس مسئلے کو حل کرلیا تھا۔

اداکارہ صوفی ٹرنر نے "گیم آف تھرونز"اور "ایکس مین" میں اپنے کرداروں سے شہرت حاصل کی جبکہ جوئے جونس بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر نِک جونس کے بھائی ہیں۔

مزیدخبریں