سینیئراداکارہ شگفتہ اعجاز کے شوہریحییٰ صدیقی انتقال کرگئے

وہ 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا تھے،دوروزقبل ہسپتال میں شادی کی سالگرہ منائی تھی

Sep 12, 2024 | 14:52:PM

(ویب ڈیسک) سینیئراداکارہ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی انتقال کرگئے۔

شگفتہ اعجاز نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پراپنے شوہر یحییٰ صدیقی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اُن کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کی۔

سینیئر اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میرے شوہر یحییٰ صدیقی انتقال کرگئے ہیں،براہِ کرم! اُن کی مغفرت کے لیے سورۃ فاتحہ پڑھیں۔

یحییٰ صدیقی کے انتقال پر شگفتہ اعجاز کے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

شگفتہ اعجاز کے شوہر یحییٰ صدیقی پچھلے 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا تھے اورکراچی کے ایک نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

اداکارہ نے دوروزقبل شوہر یحییٰ صدیقی کے ہمراہ ہسپتال میں اپنی شادی کی سالگرہ منائی تھی ،اس موقع پرانہوں نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئےکہاتھا کہ گزشتہ 6 ماہ سے بیمار شوہر کی خدمت اور تیمارداری کی خاطر کسی ڈرامے میں کام نہیں کیا، اس دوران کئی ڈراموں کی پیشکش ہوئی جنہیں اسکرین پر آن ایئر دیکھا تو احساس ہوا کہ یہ ڈرامہ مجھے آفر ہوا تھا لیکن میں کر نہیں سکی۔

شگفتہ اعجاز نے  کہا مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت یحییٰ کے ساتھ گزارا، ان کی خدمت کی ،

اداکارہ نے کہا کہ یہی زندگی ہے، گزشتہ 10 ماہ کے دوران میں نے اپنے بہت سے رشتے کھو دیے تو احساس ہوا، میں نے زندگی کی حقیقت کھلی آنکھوں سے دیکھ لی ہے کہ ہمارا انجام یہی ہے، جانے سے پہلے جو بیماری کی وجہ سے تکلیف ہوتی ہے اسے دیکھنا تکلیف دہ ہے،جب ہمارے پیارے اس دنیا سے چلے جاتے ہیں تو پھر ہم بس ان کی مغفرت کی دعا ہی کر سکتے ہیں کہ وہ جہاں ہیں وہاں خوش اور آرام سے رہیں۔

شگفتہ اعجاز اور یحییٰ کی یہ دوسری شادی تھی، دونوں کی پہلی شادیوں سے دو دو بچے ہیں جبکہ ان دونوں کی دو مشترکہ بیٹیاں بھی ہیں۔

مزیدخبریں