ورلڈکپ 2023 سے بھارت نے کتنی کمائی کی؟ آئی سی سی کی رپورٹ جاری

Sep 12, 2024 | 19:17:PM

(24 نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے ورلڈکپ 2023 سے میزبان بھارت کو حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق تفیصلات جاری کردیں۔

آئی سی سی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بھارت نے 2023 ورلڈکپ کے دوران سیاحت اور ورلڈ کپ مقابلوں کے ذریعے 1.39 بلین ڈالر (11 ہزار 637 کروڑ سے زائد بھارتی روپے) کمائے، اس آمدنی نے بھارتی معیشت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ کے مطابق مختلف مقامات پر میچز کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو رہائش، سفر، کھانے پینے کی اشیا اور دیگر سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی وجہ سے میزبان شہروں میں سیاحت بڑھی جبکہ 861.4 ملین امریکی ڈالر کی آمدنی ہوئی، 1.25 ملین تماشائیوں نے میگا ایونٹ میں شرکت کی، جن میں 75 فیصد شائقین ایسے تھے جنہوں نے پہلی مرتبہ 50 اوور فارمیٹ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم کا رخ کیا اور تقریباً 55 فیصد شائقین نے بھارت کا دورہ کیا جن میں 19 فیصد وہ افراد تھے جو پہلی بار بھارت آئے۔

آئی سی سی کے لئے نیلسن کی جانب سے کیے گئے اقتصادی جائزے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمائی کے لحاظ سے گزشتہ سال اکتوبر-نومبر میں منعقد ہونے والا میگا ایونٹ اب تک کا سب سے بڑا ون ڈے ورلڈکپ تھا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیوف ایلارڈائس نے ایک بیان میں کہا کہ مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 نے کرکٹ کی اہم معاشی طاقت کا مظاہرہ کیا اور بھارت کو 1.39 بلین امریکی ڈالر کا معاشی فائدہ پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی کہاں ہو گی؟ آئی سی سی کا دوٹوک بیان آ گیا

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست بھارت کو ہراکر ریکارڈ چھٹی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

مزیدخبریں