(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کاتحریک لبیک کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے کہنا تھا کہ انتظامیہ اور پولیس کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی تحریک لبیک کے کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے چیف سیکرٹری، آئی جی اور وزیر قانون سے ملاقات،انتظامیہ امور کے سربراہان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی اور رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ راستے بند کرنے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راستوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی، ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں۔ عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔کسی کو بھی معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کی ذاتی طور پررات بھر سے مانیٹرنگ اوراحکامات جاری کر رہا ہوں۔ پولیس اورانتظامیہ کی بروقت کارروائیوں سے بیشتر راستے بحال ہوچکے ہیں۔
عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ معمولات زندگی کی مکمل بحالی تک نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے شاہراہوں اور راستوں میں ٹریفک بحال کرنے پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی ۔ مظاہرین کی وجہ سے زخمی پولیس اہلکاروں سے اظہار ہمدردی ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس اہلکاروں کی فرض شناسی کو سراہا ۔
یہ بھی پڑھیں:اوورسیز پاکستانیوں کے لئے روشن ڈیجیٹل سکیم کا آغاز