(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں تمام 27 نکاتی ایجنڈا کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے پیدا صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان کو کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور ملک میں کوویڈ ویکسی نیشن سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔
دریں اثنا کابینہ اجلا س کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اجلاس میں سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر غور ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات ٹھیک ہوجائیں گے، کسی کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ کسی کو رہا کیا جا رہا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں کوئی سمری مسترد نہیں ہوئی، کابینہ اجلاس میں سیاسی اور ملک میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔
کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق وزیراعظم کو مذہبی جماعت کی جانب سے ملک گیر احتجاج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت احتجاجی تنظیم کے ساتھ مسلسل مذاکرات کررہی تھی جبکہ یہ تنظیم ایک طرف مذاکرات دوسری طرف مارچ کی تیاری جاری رکھے ہوئے تھی، وزیراعظم نے کہا کہ متوقع مارچ میں شرپسند عناصر کے فائدہ اٹھانے کی اطلاعات تھیں ، آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہو جائیں گے، انہوں نے کہا احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کو ملکی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معاہدے کے مطابق تنظیم کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔کالج اساتذہ کونسی عمر میں ریٹائرہونگے؟نوٹیفکیشن جاری