لاہور میں احتجاج۔۔16اہم مقامات پررینجرز تعینات کرنے کا حکم۔۔فوج سٹینڈ بائی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیر قانون پنجاب کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں لاہور کے 16 اہم مقامات پر پولیس کیساتھ رینجرز تعینات کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے، حالات زیادہ خراب ہونے پر فوج کی خدمات لی جا سکے گی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے داخلہ کا وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے خصوصاً لاہور میں احتجاج کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ، جی او آر ون، سول سیکرٹریٹ، گورنر ہاس، پنجاب اسمبلی، آئی جی آفس کے باہر رینجرز اور پولیس تعینات ہوگی۔اس کے علاوہ لاہور مال روڈ، کینال روڈ پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار مشترکہ گشت کریں گے۔ جو قانون ہاتھ میں لے گا اسے فوری گرفتار کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اور رینجرز کی ذمہ داری ہوگی کہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنائیں تاہم حالات زیادہ خراب ہونے پر پاک فوج کی خدمات لی جا سکیں گی۔اجلاس سے خطاب میں راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہسپتالوں کو جانے والے راستے کھلے رکھے جائیں، بہت برداشت کر لیا، راستے بند نہیں ہونے دیں گے۔اس کے علاوہ اہم فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب بھر میں پولیس ملازمین اور افسروںکی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے دیں گے نہ کوئی رہا ہوگا،حکومت کا اعلان