رمضان میں اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے، وزیراعظم 

Apr 13, 2021 | 20:30:PM
رمضان میں اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے، وزیراعظم 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ رمضان المبارک میں اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نا ہو۔ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے۔رمضان بازاروں میں کورونا وبا سے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت رمضان المبارک کے پیش نظر اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، فخر امام، عمر ایوب ، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر ،ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی،اس کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، چیئرمین ایف بی آر، چیف کمشنر اسلام آباد اورمنیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن بھی شریک ہوئے،ویڈیو لنک سے صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان نے اجلاس میں شرکت کی ،ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 800روپے ، چینی 68روپے فی کلو اور گھی 170 روپے فی کلو پر ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب ہے۔ اس وقت یوٹیلٹی سٹورز سے یومیہ 2600 ٹن آٹا ، 2000 ٹن چینی اور 1200 ٹن گھی فروخت ہو رہا ہے۔ 
چیف کمشنر اسلام آبادنے کہاکہ اسلام آباد میں متعدد مقامات پر سستے بازار قائم کئے گئے ہیں جن میں اشیا ضروریہ کم قیمتوں پر دستیاب ہیں، اس کے علاوہ کورونا وبا کے پیش نظر موبائل وین کے ذریعے بھی اشیا ضروریہ دستیاب ہوں گی۔
چیف سیکرٹریز نے چینی اور آٹے کی وافر مقدار میں دستیابی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقرر شدہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا،وزیر توانائی عمر ایوب نے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سحری اور افطار کے اوقات میں کوئی غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھیں: چین کی پاکستان پر مہر بانیاں۔۔کورونا ویکسین کی مزید 5 لاکھ خوراکیں مفت دے گا