(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کے سی پیک سے متعلق بیان پر چین کا جواب بھی آگیا۔
چینی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ سی پیک پر پاکستانی وزیراعظم کے ریمارکس کو نوٹ کیا،چین پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے،چینی وزارت خارجہ کا مزید کہناتھا کہ سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
ادھر چین کے وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے نو منتخب پاکستانی وزیرا عظم شہباز شریف کے نام مبارکباد کا پیغام بھیجاہے ۔چینی میڈ یا کے مطا بق لی کھہ چھیانگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے منفرد سٹریٹیجک شراکت دار ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دوستی عالمی صورتِ حال میں آنے والی ہر تبدیلی کے باوجود مضبوط اور اٹوٹ رہی ہے،بین الاقوامی اور علاقائی صورت حال میں رونما ہونے والی پیچیدہ تبدیلیوں اور کووڈ19وبا کے پیش نظر، چین اور پاکستان نے مل کر مشکلات پر قابو پانے کےلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور اور آہنی دوستی نے مسلسل فروغ پایا ہے۔
پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہبازشریف کےساتھ روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے، اعلیٰ معیار کی چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر، دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہتی عملی تعاون کو گہرا اور وسعت دینے اور نئے دور میں مزید قریب چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تکمیل کو تیز بنانے کے خواہاں ہیں،اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ خطے اور دنیا کے استحکام اور ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان قومی استحکام و ترقی میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کی شہباز شریف کے فیصلے کیخلاف بغاوت، بڑا اعلان کردیا