(طیب سیف) سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے ایم سی آئی نے ملزم فضل اکبر ولد مظفر خان کو وفاقی دارالحکومت میں درخت کاٹنے کے الزام میں 1لاکھ روپے جرمانہ اور قید کی سزا سناتے ہوئے اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
محکمہ انوائرنمنٹ کے اہلکاران محمد شفیق، مالک خان اور شبیر احمد نے ملزم کو ثبوت کے ہمراہ درخت کاٹتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ کرعدالت سینئر سپیشل مجسٹریٹ پیش کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز محکمہ انوائرنمنٹ سی ڈی اے سیکٹر G/9-2کے اہلکاران محمد شفیق، مالک خان اور شبیر احمد نے دوران ڈیوٹی کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ اسلام آباد کی حدود میں درخت کاٹ کر سوزوکی نمبرSLT-2232 میں لوڈ کیے ہوئے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا جسے ثبوت کے ہمراہ پکڑ کرعدالت سینئر سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف کے روبرو پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیے: سنگین مقدمات میں بیرون ملک مفرور ملزمان کی گرفتاریاں جاری
دوران سماعت سینئر سپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے ریمارکس دیے کہ کسی کو بھی سی ڈی اے کے حسن کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایسے جرم میں ملوث کسی ملزم کو معاف نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی وہ کسی رعایت کا مستحق ہے، ایک درخت کی کٹائی ایک انسان کو قتل کرنے کے برابر ہے، ماحول دشمن عناصر کیخلاف سخت کاروائیاں جاری رکھیں گے۔