لاہور: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم اے نے ویک اینڈ سے پنجاب میں تیز آندھی کے ساتھ بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔
مغربی ہوائیں 15 اپریل کو ملک کےبالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ 15 اپریل سے 20 اپریل کے دوران مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اورجہلم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
17 اور18 اپریل کو لاہور، ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، لیہ، بھکر خوشاب اور میانوالی میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ سرگودھا، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ جھنگ، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بھی آندھی،تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آندھی،تیز ہواؤں اورژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں(بالخصوس گندم) اور کمزور انفرسٹرکچر کو نقصان کا خطرہ ہے،کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
پی ڈی ایم اے پی ڈی ایم اے نے بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کرکے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔