(نجب الدین،عیسی ترین,حسن محمود)پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنےکے واقعات میں 12افراد جاں بحق جبکہ 5زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضلع رحیم یارخان کی بستی کلواڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ ٹھل حسن میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ رحیم یار خان کی بستی کھوکھراں فیروزہ میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوئے۔
ادھر بہاولپور کے علاقے خیرپور ڈاھا کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے خاتون جاں بحق ہوئی جبکہ علاقہ چک 113 میں 8 سال کا بچہ آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق لودھراں کے علاقے دھنوٹ میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔
اسی طرح بلوچستان کے شہر چمن سوراب اور لیاقت پور کو طوفانی بارش نے اپنی لپیٹ میں لے لیا،جبکہ مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق 5 زخمی ہوگئے۔
شہر چمن کے علاقہ مکینوں کے مطابق سپینہ تیژہ کلی داد محمد مسجد پر آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق 4 زخمی ہوگئے،سپین بولدک میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ چمن شہر میں ورگردنواح میں مختلف مقامات پر تیز بارشوں سے درختوں اور شمسی پیلٹوں شدید نقصانات ہوا ہےاور چمن شہر میں 30 گھنٹوں سے بجلی کی سپلائی معطل ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:موسلادھار بارش اور برفباری ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفانی ہواؤں کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئے جب کہ کئی علاقوں میں درخت اکھڑ گئے اورکچی دیواریں، سولرپینلز اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔
سوراب تنک کے علاقے میں باغ میں بیٹھے دو نوجوانوں پر آسمانی بجلی گرگئی،جابر احمد ولد محمداسحاق رئیسانی موقع پر جان بحق جبکہ ایک نوجوان اعجاز احمد ولد عبدالحق رئیسانی زخمی ہوگئے ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جان بحق و زخمی نوجوانوں کو ڈی ایچ کیو سوراب منتقل کردیاگیاہے۔
دوسری جانب لیاقت پور کی بستی کھوکھراں فیروزہ میں آسمانی بجلی کے گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے،جاں بحق ہونے والوں میں حفیظ اور کلثوم ہیں،میاں بیوی گندم کو کاٹ کر باندھنے میں مصروف تھے کے آسمانی بجلی کی زد میں آگئے۔