پاک فوج کا آپریشن،دہشتگردوں کا سرغنہ ہلاک،مقابلے میں 2جوان شہید

ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی مارا گیا جبکہ 2 ساتھی زخمی ہوگئے

Apr 13, 2024 | 14:57:PM
پاک فوج کا آپریشن،دہشتگردوں کا سرغنہ ہلاک،مقابلے میں 2جوان شہید
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو ہلاک اور اس کے دو ساتھیوں کو زخمی کر دیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بونیر میں آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشتگردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشتگرد زخمی ہوئے جبکہ دہشتگردوں سے مقابلے میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہوگئے۔دہشتگردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک حسیب جاوید اور حوالدار مدثر محمود شہید ہوئے۔


حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جنہوں نے 16 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور 2 بیٹے چھوڑے۔

لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے، لانس نائیک حسیب جاوید شہید نے 5 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں اور سوگواران میں والدین،اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

ضرورپڑھیں:کوئٹہ سے تفتان جانیوالی بس سے 9 مسافروں کو اتار کر قتل کردیاگیا

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دہشتگرد سلیم عرف ربانی سکیورٹی فورسزکےخلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد سلیم انتہائی مطلوب تھا اور  حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقررکر رکھی تھی۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔