دمشق: ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ، دونوں ممالک میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی

Apr 13, 2024 | 16:59:PM
دمشق: ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ، دونوں ممالک میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کے بعد اسرائیل اور ایران میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی، ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں اسرائیلی کمپنی کے پرتگالی جہاز پر قبضہ کر لیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق پرتگالی جہاز ایم ایس سی ایریز اسرائیلی ارب پتی ایال اوفر کی کمپنی کا ہے، ایرانی قبضے میں لیے گئے جہاز پر فلپائن کا 20 رکنی عملہ موجود ہے، دوسری جانب ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکا نے مشرق وسطیٰ میں 2 جنگی بحری بیڑے تعینات کردیے۔

امریکی اخبار کے مطابق بحری بیڑوں پرجدید میزائل دفاعی نظام نصب ہے، امریکی صدر پہلے ہی ایران کی جانب سے اسرائیل پر جلد حملے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں، امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امکان ہے ایران اسرائیل پر جلد حملہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیل کا فضائی حملہ، ایک ہی خاندان کے 25 افراد شہید

امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران اسرائیل پر حملہ کر کے کامیاب نہیں ہو سکے گا، جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اسرائیل کے دفاع کے لیے تیار ہے، صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے سے شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد ایران کے جوابی حملے کے خطرے کے تحت امریکا نے اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کی نقل و حرکت بھی محدود کر دی ہے۔

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر اگلے ایک سے دو روز میں جوابی حملہ ہوسکتا ہے، امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے کے خدشے کے باعث امریکا نے اسرائیل میں موجود اپنے شہریوں کی نقل و حرکت مقبوضہ بیت المقدس، تل ابیب اور بیئر السبع تک محدود کر دی ہے۔

علاوہ ازیں روس نے بھی اپنے شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ اور بالخصوص اسرائیل، لبنان اور فلسطینی علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت دی ہے جب کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اپنے ایرانی ہم منصب پر کشیدگی نہ بڑھانے پر زور دیا ہے۔

ادھر اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا نے ایرانی فضائی حدود کا استعمال بند کر دیا، بھارتی میڈیا کے مطابق لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز نے آج صبح ایرانی فضائی حدود کا استعمال کرنے سے گریز کیا اور طویل راستہ اختیار کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپ جانے والی ایئر انڈیا کی تمام پروازوں کو اب منزل تک پہنچنے میں 2 گھنٹے کا اضافی وقت لگ سکتا ہے، رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ کے لیے ایئر انڈیا کی پروازیں متاثر نہیں ہوں گی کیونکہ وہ ایرانی فضائی حدود کے جنوب سے پرواز کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ عید کے روز ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کو دھمکی دی تھی، آیت اللّٰہ خامنہ ای نے نمازِ عید پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیطانی حکومت اسرائیل نے ایرانی سفارت خانے پر حملہ کر کے غلطی کی، اس کی اسرائیل کو سزا ضرور ملنی چاہیے اور ملے گی۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہو گئے تھے۔