بغاوت پر اکسانے کا کیس،شہباز گل کے حوالے سے عدالت سے بڑی خبر

Aug 13, 2022 | 13:05:PM

(24 نیوز) اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں  پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے سیشن کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کردی، درخواست پر عدالت نے پولیس کو 15 اگست کیلئے نوٹس جاری کر دیا اور پیر تک جواب بھی طلب کر لیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے وکیل فیصل فرید چودھری اور علی بخاری کے ذریعے درخواست دائر کی،شہباز گل نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کیلئے جھوٹا مقدمہ درج کیا، تفتیش میں پولیس مجھ پر کوئی الزامات ثابت نہیں کر سکی، سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی، شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے اور ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔

 ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلوں کے خلاف درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دے کر شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

 خیال رہے جوڈیشل مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  بلدیاتی انتخابات کیلئے حتمی شیڈول جاری 

مزیدخبریں