(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا تو یہ پھر نئے جذبے سے لوٹی ہے، مسلح افواج اور پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی پر اسلام آباد میں قومی پرچم کی پینٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کیلئے استعمال ہوا ہے لیکن آج ڈی چوک پر ہنرمند بچے قومی پرچم کی پینٹنگ کریں گے،پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر قوم اکھٹی ہوئی ہے، قائداعظم کی جدوجہد نے یہ ملک بنایا ،پولیس کے جوانوں کو مارچ پاسٹ کیلئے بھیجنے پر وزیر داخلہ کے مشکور ہیں، جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا تو یہ پھر نئے جذبے سے لوٹی، ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پروگرام کو نواز شریف نے دباؤ کے باوجود ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کو ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کے ساتھ جوڑا ہے اور ن لیگ کے دور میں دہشت گردی ختم کی گئی جبکہ ترقی کو 6 فیصد پر پہنچایا گیا، جمہوری قیادتیں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی رہی ہیں اور نوجوان پاکستان کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ملک کو مسائل سے نکالنے کےلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔