این اے 245 ، جے یو آئی کا امیدوار بھی ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار

Aug 13, 2022 | 18:19:PM

(24 نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں پیپلز پارٹی کے بعد جے یوآئی کے امیدوار بھی ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار معید انور نے پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ جے یو آئی کے امیدوار امین اللہ سے ملاقات کی جس میں جے یو آئی امیدوار سے الیکشن میں تعاون کی درخواست کی گئی ۔
ایم کیو ایم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی امین اللہ نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں ایک فارمولا طے ہوا ہے، تمام پارٹیاں ہر حلقے میں جیتنے والی یا دوسرے نمبر پر آنےوالی جماعت کوسپورٹ کریں گی، باقاعدہ طور پر ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہورہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے کہنے پر سیٹ سے دستبردار ہورہا ہوں، 21 اگست کو این اے 245 کیلئے معید انور کو ووٹ دیں گے۔
اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام قیادت کا متفقہ فیصلہ تھا جس پرعمل کیا،مولانا فضل الرحمان کا بھی شکر گزار ہوں،یہ سیاسی دانش مندی کا تقاضہ ہے کہ ایک دوسرے سے نہ لڑیں، شہریوں کا فرض ہے ووٹ کے ذریعے مسائل کے خلاف آواز اٹھائیں، وقت ثابت کررہا ہے کہ ایم کیوایم کا فیصلہ درست تھا۔
خیال رہے کہ یہ نشست تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔اس حلقے میں پولنگ 21 اگست کو ہوگی۔

مزیدخبریں